یمن میں قیام امن کیلئے جی سی سی کی میزبانی میں مذاکرات
ابوظہبی : گلف کوآپریشن کونسل یا GCC کی جانب سے یمنی حوثی باغیوں کو اسی ماہ سعودی دارالحکومت میں مدعو کیا جائے گا۔ ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سات سال سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوشش کی جائے گی۔ جی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا دور 29 مارچ سے 7 اپریل تک جاری رہے گا اور اس میں منقسم دھڑوں کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ملک میں امن قائم ہوسکے۔ کونسل کے مطابق اس مکالمت میں تمام فریقوں کو دعوت دی جائے گی۔ یمن میں 2015 سے جنگ جاری ہے۔ حوثی باغی اقتدار کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ سعودی عسکری اتحاد ان کے خلاف برسرپیکار ہے۔