یروشلم میں رمضان میں بھی جھڑپیں ،درجنوں فلسطینی زخمی

یروشلم : یروشلم میں گزشتہ رات پیش آئی پرتشدد جھڑپوں کے نتیجہ میں ایک سو سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں جبکہ پولیس نے چوالیس افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ یروشلم میں رمضان کے آغاز سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن گزشتہ رات یہ ہنگامے سے سب سے زیادہ شدید تھے۔ گزشتہ شب 20 اسرائیلی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ان ہنگاموں کا آغاز اسرائیلی حکام کی طرف سے افطارکے حوالے سے عائد کردہ پابندیوں کے بعد ہوا تھا۔ یروشلم میں مسلمان، عیسائی اور یہودی آباد ہیں اور موجودہ جھڑپوں کا مرکز بھی یہی شہر بنا ہوا ہے۔ گزشتہ دس روز سے تقریبا ہر رات ہی اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔رمضان کے آغاز پر اسرائیلی پولیس نے یروشلم کے قدیم حصے میں واقع دمشق گیٹ کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔ روایتی طور پر فلسطینی مسلمان ہر سال رمضان میں وہاں افطار کرتے ہیں۔ گزشتہ شام وہاں سینکڑوں فلسطینی جمع ہوئے، جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آبی توپیں اور اسٹین گرینیڈ فائر کیے۔ جواب میں فلسطینیوں نے بھی پولیس کی جانب پتھر اور بوتلیں پھینکیں۔

Leave a comment