چنئی، 9 دسمبر (یو این آئی) تمل ناڈو میں جمعرات کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو لے جانے والے قافلے کو تحفظ دے رہی ایک پولس وین کے حادثے کا شکار ہوجانے کے چند منٹوں کے بعد میٹوپلائم کے نزدیک جمعرات کو ان کے جسد خاکی کو لے جارہی ایک ایمبولنس جزوی طور سے حادثے کا شکار ہوگئی۔

مرنے والوں کی لاشوں کو کنور کے ویلنگٹن میں واقع مدراس رجمنٹل سنٹر سے سلور ہوائی اڈے تک سڑک کے ذریعے لے جایا جا رہا تھا جب یہ دونوں حادثہ پیش آئے۔ جس کے نتیجے میں ایمبولینس کو آگے بڑھنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی کیونکہ اس کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا جس کے بعد اسے روک دیا گیا۔

حادثہ سلور ائربیس سے تقریباً 45 کلومیٹر دور پیش آیا۔ لاشوں کو ایک اور ایمبولینس میں سلور ہوائی اڈے پر لے جایا گیا، جہاں سے ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے تمام لاشوں کو آخری رسومات کے لیے دہلی لے جایا گیا۔مقامی لوگوں نے لاشوں کو دوسری ایمبولینس تک پہنچانے میں مدد کی جو واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چند منٹوں میں جائے واقع پر پہنچ گئی۔
اس سے قبل پرلیار گھاٹ روڈ پر ایک موڑ کے قریب پولیس وین کے ٹکرانے سے تقریباً سات پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے تھے۔ پولیس وین ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو لے جانے والے قافلے کی تحفظ دے رہی تھی۔