جدہ : مکہ مکرمہ میں ہوٹل انڈسٹری کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام کے اطراف و اکناف واقع ہوٹلوں کو جاریہ ماہ رمضان کے دوران زائرین کے لئے عمرہ پرمٹس جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔ آج موصولہ اطلاع کے مطابق یہ اقدام وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سعودی اتھاریٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹلی جنس کے ساتھ اشتراک میں انجام دیا جائے گا۔ اِس ضمن میں ایپس ’’اعتمرنا‘‘ اور ’’توکلنا‘‘ کے ذریعہ سرویس فراہم کی جائے گی۔ سعودی پریس ایجنسی کے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیر اُمور حج و عمرہ ڈاکٹر ابوالفتح بن سلیمان نے زور دیا کہ کورونا وائرس وباء کے سبب ہوٹل انڈسٹری بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اب کوویڈ کی صورتحال میں قدرے نرمی کے پیش نظر ہوٹلوں کو عمرہ پرمٹس جاری کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ ہوٹل کمیٹی جو مکہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ملحق ہے، اُس کے چیرمین ریان بن اسامہ نے واضح کیاکہ ہوٹلوں اور زائداز 2 لاکھ 50 ہزار ہاؤزنگ یونٹس کو مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے استقبال کے لئے تیار کیا جارہا ہے۔ اِن زائرین کو کوویڈ پروٹوکول کے مطابق رکھا جائے گا۔


اپنی رائے یہاں لکھیں