نئی دہلی :۔ ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈرس کے درمیان ہفتہ کو 10 ویں مرحلے کی بات چیت ہوئی جس میں مشرقی لداخ میں ہاٹ اسپرنگ ، گوگرا اور دیپسن سے فوج کو ہٹانے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ فوجی کمانڈرس کے درمیان 10 ویں مرحلے کی بات چیت فوج کے مکمل تخلیہ کے عمل کے 2 دن کے بعد عمل میں آئی ہے ۔ پینگونگ جھیل کے شمالی اور جنوبی علاقوں سے فوج ، ہتھیاروں اور فوجی ہارڈویر کے تخلیہ کا عمل مکمل ہوا ۔ ذرائع کے مطابق حقیقی خطہ قبضہ پر چین کی سمت مولڈو سرحد پر صبح 10 بجے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ اجلاس میں ہندوستان نے ماباقی علاقوں سے بھی فوج کو ہٹانے کے عمل میں تیزی پر زور دیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تقریبا 9 ماہ سے جاری کشیدگی کو کم کیا جاسکے ۔ 11 فروری کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ ہندوستان اور چین پینگونگ جھیل کے علاقوں سے فوج کو ہٹانے کے لیے راضی ہوگئے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان اس پر سمجھوتہ بھی ہوا ہے ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں