یوم پاکستان کے موقع پرعوام سے نیک خواہشات کا اظہار،وزیراعظم پاکستان عمران خان کوپیغام

دہلی : صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے لئے خصوصی پیغام بھیجا ہے، جس میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو بھیجے گئے تہنیتی پیغام میں ہندوستانی صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے 23 مارچ یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پیغام میں کہا گیا کہ امید ہے کہ برصغیر پاک و ہند کے عوام آپس میں مل کر ایک جمہوری، امن اور ترقی پسند خوشحال علاقے کی بنیاد رکھیں گے۔ پیغام میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام آپس میں ملک کر ایک ایسا ماحول تشکیل دیں گے، جو دہشت اور تشدد سے پاک ہو گا۔ہندوستانی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ کو ہندوستانی وزیراعظم مودی کے خط سے آگاہ کیا۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان سے قریبی تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے ہندوستان، پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔قریبی تعلقات کے لیے اعتماد کا ماحول اور دہشت کے بادلوں کا چھٹنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ناگزیر ہے، جس کے بغیر دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتے۔ وزیراعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کی میز پر ایک دوسرے سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے کاوش جاری رکھیں۔واضح رہے کہ یوم پاکستان اور یوم ہندوستان کی مناسبت سے دونوں ہمسایہ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم ایک دوسرے کو نیک خواہشات کے پیغامات بھیجتے ہیں۔ ان پیغامات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا عزم کرتے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے ہر برس وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے یوم پاکستان کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، اس حوالے سے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور نریندر مودی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بھیجا گیا خصوصی تہنیتی پیغام بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں