ریاض۔ سعودی عرب میں تعینات ہندوستانی سفیر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 33 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر سعودی عرب میں جمہوریہ ہند کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی گہرائی بہت مضبوط ہے۔ یہ محض دعویٰ نہیں بلکہ حقائق اور اعداد وشمار اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تبادلے کا حجم فی زمانہ 33 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ عرب میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اس وقت ایک اہم ترین ملک ہے۔ان کا ملک خلیجی خطے، شرق اوسط اور شمالی افریقہ میں مضبوط سفارتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب ان میں اہم ترین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر قیادت آج سعودی عرب میں ادارہ جاتی کام ایک اچھی علامت ہے۔ یہی وجہ سے ہم اپنے معاشی، سیاسی اور معاشرتی پہلوؤں پر اپنے مستقبل کے کام کی بنیاد رکھتے ہیں۔ڈاکٹر اوصاف نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے مابین تجارتی حُجم بہت اچھا اور صحت مند ہے۔ چین، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا تجارتی شراکت دار ہے۔ فی الحال تجارتی تبادلے کا حجم 33 ارب اور ہندوستان کی سعودی عرب کی برآمدات 6 ارب ڈالر سے تجاوز کر رہی ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں