گیان واپی مسجد کے بعد متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کو سیل کرنے کا مطالبہ

0 26

نئی دہلی: وارانسی کے گیان واپی مسجد کے وضو خانہ کو سیل کرنے بعد اب متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کو بھی سیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے متھرا کی مقامی عدالت میں عرضی دائر کی گئی ہے۔ وکیل مہندر پرتاپ کی جانب سے دائر کی گئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ ’کرشن جنم بھومی‘ کے ثبوتوں سے چھڑ چھاڑ کئے جانے کا خدشہ ہے، لہذا مسجد کو سیل کر دیا جائے۔ وکیل مہندر پرتاپ اس معاملہ میں ہندو فریق ہیں۔

عرضی میں مزید کہا گیا ہے ’’اگر ہندوؤں کی باقیات کو تباہ کر دیا جاتا ہے تو جائیداد کا کردار بدل جائے گا اور مقدمہ کا مقصد اور اس سے متعلق ثبوت ضائع ہو جائیں گے۔ ایسی صورت حال میں عیدگاہ مسجد میں ہر کسی کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر کے اس احاطے کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں یا احاطے کو سیل کر دیا جائے۔‘‘