گوگل کی مادرفرم الفابیٹ کے سربراہ پچائی دنیامیں سب سے زیادہ تن خواہ پانےوالے ملازم؟

372

الفابیٹ انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) سندر پچائی کا2022ء میں تن خواہ کا پیکج بڑھ کر22 کروڑ60 لاکھ ڈالرتک پہنچ گیا۔اس میں سہ سالہ اسٹاک گرانٹ کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے

اس طرح وہ دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کارپوریٹ لیڈروں میں سے ایک بن گئے ہیں۔

گوگل کی مادرکمپنی کی جانب سے جمعہ کو جمع کرائی گئی ایک دستاویزکے مطابق ان کی سالانہ تن خواہ میں اسٹاک ایوارڈ کا حصہ 21کروڑ 80لاکھ ڈالرتھا۔

انھیں 2021 میں معاوضے کے طور پر مجموعی طور پرچھے کروڑ30 لاکھ ڈالر ملے تھے لیکن انھیں گرانٹ نہیں ملی تھی اور ان کی تن خواہ گذشتہ تین سال سے 20 لاکھ ڈالر ہی برقرار رہی تھی۔

گوگل کے پچاس سالہ بھارت نژاد سی ای او کمپنی کو زیادہ مسابقانہ بنانے کے لیے کام رہے ہیں کیونکہ اسٹارٹ اپ اوپن اے آئی سے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی جیسی مصنوعی ذہانت کی مصنوعات سے سرچ میں گوگل کے غلبے کو کمزورکرنے کا خطرہ لاحق ہے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں وسیع پیمانے پرسست روی نے بھی کمپنی کو متاثرکیا ہے ، 2022 میں اس کے حصص میں 39 فی صد کی گراوٹ آئی تھی۔ اس کے باوجود،اس نے 2023 میں 19 فی صد اضافے کے ساتھ واپسی کی ہے۔