ناندیڑ:22 جولائی۔( ورق تازہ نیوز) ناندیڑ شہر وضلع میں گزشتہ دو دنوں سے موسلادھاربارش ہورہی ہے اسلئے ناندیڑ سے بہنے والی گوداوری ندی لبریز ہوچکی ہے اور وشنوپوری ڈیم کی سطح آب میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ اسلئے آج دوپہر تک ڈیم کے چھ دروازے کھولے گئے ہیں۔ جس کے پانی کا اخراج گوداوری ندی میں ہورہا ہے۔

اسلئے گوداوری ندی میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔اور آئندہ ایک دو دنوں تک صورتحال مزید نازک بن سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ ناندیڑ میں آئندہ دو دنوں تک اچھی بارش ہوگی ۔قدیم شہر کے ناﺅ گھاٹ پل اب ڈوبنے کے قریب پہنچ گیا ہے ۔

ندی کا پانی پل کے اوپر آنے میںصرف چھ فٹ کافاصلہ باقی ہے۔ اسلئے آئندہ چند گھنٹوں میں یہ پُل زیرآب آسکتا ہے ۔ناو گھاٹ بریج پر جیورکشک دل کی ٹیم کوتعینات رہنے کی ہدایت میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے نے دی ہے۔اسلئے سید نور پہلوان کی رہنمائی میں جیورکشک دل کی ٹیم ناوگھاٹ بریج اور ندی کنارے تعینات ہوگئی ہے ۔