باحجاب لڑکیوں کا گنیش منڈپ کے سامنے  ڈی جے پر رقص کاویڈیو وائرل

حیدرآباد:27/ ستمبر(ایجنسیز)تیلنگانہ ریاست کی راجدھانی اور مسلم تہذیب کا گہوارہ سمجھنے جانے والے حیدر آباد کاایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ باحجاب لڑکیاں(برقعہ میں) گنیش منڈل یعنی گنیش کی مورتی کے سامنے بجائے جارہے ڈی جے پر اپنی ہم جولی سہیلیوں کے ہمراہ بے تحاشہ وہیجان انگیز طور پر رقص کررہی ہیں ۔

حیدرآبادی مسلمانوں میں ہنوز دین داری برقرار ہے مگر کل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ کئی حجابی بنات حوا‘ گنیش منڈپ کے روبرو موسیقی کی تھاپ پر نہ صرف تھرک رہی ہیں بلکہ بڑی ہی بے شرمی سے ہیجان انگیز رقص کررہی ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ حیدرآبادکے ریتی باؤلی مہندی پٹنم میں واقع سندھو ویمنس کالج کے دامن میں گنیش منڈپ قائم کیا گیا جس میں شائد مذکورہ کالج کی طالبات نے حصہ لیا‘

ہندو طالبات کے ساتھ مل کر ہماری بچیوں نے بھی موسیقی کی دھنوں پر رقص کیا‘ جنہیں دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ انہیں شائد رقص کرنے کی ان کی دبی ہوئی آرزو پوری کرنے کا موقع ملا ہے۔ان لڑکیوں سے زیادہ‘ ان کے والدین کا قصورہے جنہوں نے درس گاہوں کے انتخاب میں کوتاہی کی اور ایسے اداروں کا انتخاب کیا

جہاں نصابی تعلیم تو اچھی دی جاتی ہے مگر ان کے بچوں کے ایمان پر کاری ضرب بھی پڑتی ہے۔آج یہ صورت حال ہے تو سوچیں ان بچیوں کے گہواروں میں پرورش پانے والی نسل کا کیا حشر ہوگا؟

ہم نے اپنے بچوں کی دینی تربیت پر زیادہ دھیان ہی نہیں دیا اور یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ بیٹیوں کے جسم پر عبایہ ڈال دینے سے ان کے دلوں میں دین جاگزیں ہوجائے گا جب کہ سڑکوں پر یہ مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں کہ سیاہ برقع کے اندر سے جیئنس پیئنٹ جھانک رہا ہوتا ہے۔