وڈودرا ،20 مارچ (یواین آئی) گجرات میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان آج ایک لوک سبھا رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی بھی اس سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ ایک سابق خاتون کونسیلر کی اس کے چلتے موت ہوگئی۔وڈودرا لوک سبھا سیٹ سے برسراقتدار بی جےپی کی خاتون رکن پارلیمنٹ رنجن بین بھٹ نے آج ٹویٹ کرکے اطلاع دی کہ عام علامات دکھنے پر کل ان کی جانچ ہوئی تھی جس کی جانچ رپورٹ آج آئی اور انہیں متاثر پایا گیا ہے۔ وہ احتیاط کے طورپر اسپتال میں داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ چار مارچ کو ہی کورونا کا پہلا ٹیکہ لیا تھا۔


وڈودرا میں ہی بی جےپی کی خاتون رہنما اور میونسیپل کارپوریشن کی سابق کونسیلر شکنتلا بین شندے کی آج علاج کے دوران ایک نجی اسپتال میں موت ہوگئی۔ وہ کورونا انفیکشن کے بعد پچھلے کئی دنوں سے اسپتال میں داخل تھیں۔ادھر،وڈودرا ضلع کے ڈبھوئی اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی شیلیش مہتا بھی آج کورونا متاثرپائے گئے۔ انہوں نے بھی پانچ مارچ کو کورونا ٹیکے کی پہلی ڈوز لی تھی۔ اس کے علاوہ ایک مقامی خاتون کونسلر اور ان کے شوہر بھی متاثر پائے گئے ہیں۔