گجرات فسادات میں بی جے پی نے اپنی طاقت ثابت کردی:وی ایچ پی لیڈر کا بھڑکاو بیان

482

بنگلورو: وشوا ہندو پریشد کے ایک لیڈر نے آج کہا کہ 2002ء کے گجرات فسادات نے ہندوؤں کے حوصلے اور قابلیت کو ثابت کردیا ہے۔ ہندو نوجوانوں نے بی جے پی یووا مورچہ لیڈر پروین نیٹارو کے قتل پر مسلم جہادیوں کو مناسب جواب دیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی پر بی بی سی کی دستاویزی فلم کے خلاف ملک گیر ہنگاموں کے دوران ہندوتوا تنظیموں کے لیڈر شرن پمپ ویل نے کرناٹک کے ضلع ٹمکور میں بجرنگ دل کی ”شوریہ یاترا“ کے دوران یہ متنازعہ تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرے پیارے بھائیو ہندو برادری کبھی نامرد نہیں رہی۔

ہم نے دنیا پر اپنی طاقت ثابت کردی ہے۔ یاد کریں کہ گجرات میں کیا ہوا تھا۔ ایودھیا میں رام مندر بنانے 58 جنگجو یا کارسیوک ایک ٹرین میں سفر کررہے تھے لیکن انھیں جلا دیا گیا۔

گجرات نے کیسا جواب دیا۔ کوئی بھی اپنے گھر نہیں بیٹھا۔ وہ لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور ہر گھر میں گھس گئے۔ 58 کارسیوکوں کے قتل پر گجرات میں کتنے لوگ مرے، اس کی صحیح تعداد تو نہیں معلوم، لیکن گجرات میں تقریباً 2000 افراد کا قتل کیا گیا۔ اس سے ہندوؤں کی ہمت اور صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔