کیرالا کے مسلم لیگ رکن اسمبلی کے ایم شاہ جی رکنیت سے نااہل
تھرواننتاپورم 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا ہائی کورٹ نے انڈین یونین مسلم لیگ کے ایک لیڈر اور ازہی کوڈ کے رکن اسمبلی کے ایم شاہ جی کو ایل ڈی ایف کے تائید یافتہ آزاد امیدوار اور جرنلسٹ ایم وی نکیش کمار کی درخواست انتخابی عذر داری کی بنیاد پر ایوان کی رکنیت سے نااہل قرار دیدیا۔ وہ مئی 2016 ء میں نکیش کو شکست دے کر اس حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ نکیش نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ شاہ جی 2016 ء کی مہم کے دوران فرقہ وارانہ ریمارکس کئے تھے۔ عدالت نے اُنھیں نکیش کمار کو 50,000 روپئے بطور ہرجہ و خرچہ ادا کرنے کے لئے کہا اور اسپیکر اسمبلی کے علاوہ ریاستی الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں فیصلے کے بعد مناسب ضروری کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ شاہ جی اس نااہلی کے بعد آئندہ 6 سال تک مزید کسی انتخاب میں حصہ بھی نہیں لے سکیں گے۔ عدالتی فیصلے کے بعد انھیں بطور رکن اسمبلی حاصل ہونے والے تمام فوائد سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔