کیا ہندوستان میں 15 اگست تک 3 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے کورونا مریضوں کی تعداد؟

ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے اور متاثرین کی تعداد 28 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ 25 اپریل کو تھوڑی راحت ضرور ملی تھی جب متاثرہ مریضوں کی تعداد اتنی تیزی سے نہیں بڑھی تھی لیکن 26 اپریل کو ایک بار پھر پازیٹو کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا۔ اس دن 1945 نئے معاملے سامنے آئے۔ جن ستا نیوز پورٹل میں شائع خبر کے مطابق مرکزی حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ 15 مئی تک ملک میں کووڈ-19 کے 65000 معاملے ہو سکتے ہیں۔

حالانکہ مریضوں کی تعداد دوگنی ہونے کی رفتار میں کمی آئی ہے اور اب 10 سے 12 دن لگ رہے ہیں ۔ اگر اس رفتار سے بھی تعداد بڑھتی ہے تو 15 اگست تک پازیٹو کیسز کی تعداد 2.74 کروڑ پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جون کے آخر میں ہر دن تقریباً ایک لاکھ کیس سامنے آ سکتے ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ‘جن ستّا’ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق یہ اندازہ کابینہ سکریٹری راجیو گابا کی صدارت میں 26 اپریل کو نئی دہلی میں ہوئی ایک میٹنگ کے دوران حکومت کی جانب سے ظاہر کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں سبھی ریاستوں کے چیف سکریٹریز شامل تھے۔