کیا کرناٹک حکومت مدارس پر پابندی عائد کرنے جا رہی ہے؟

565

بنگلورو:30۔ستمبر۔(ایجنسیز) کرناٹک حکومت نے جمعہ کے روز محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں مدارس کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کرے، جس سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ محکمہ تعلیم نے یہ مشق ہندو تنظیموں کی جانب سے ریاست میں مدارس پر پابندی لگانے کے مطالبے کے درمیان شروع کی ہے۔ ہندو تنظیموں کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ مدارس میں مشتبہ سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔حکومت نے محکمہ سے ریاست میں 960 مدارس کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مدارس کی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ پیش ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ مدارس پر پابندی لگائی جائے یا انہیں محکمہ تعلیم کے دائرہ اختیار میں لایا جائے۔