اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یورپی ملک جرمنی کے یوٹیوبر و سیاح کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین کی جانب سے اسلام قبول کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ پاکستانی اداکارہ زویا ناصر سے شادی کرنے والے ہیں . کرس بیٹزمین نے 5 فروری کو اپنی یوٹیوب ویڈیو اور انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ انہوں نے پاکستان میں رہتے ہوئے مسلمانوں کی طرز زندگی سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا .

جرمن یوٹیوبر نے یوٹیوب پر جاری کی گئی 8 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں کلمہ شہادت پڑھنے اور زندگی میں پہلی بار نماز کی ادائیگی کو بھی دکھایا.ویڈیو میں کرس بیٹزمین نے بتایا کہ ان کی پیدائش یورپ میں ہوئی اور وہ وہیں پلے بڑے جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں انہوں نے پاکستان آکر اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا.انہوں نے بتایا کہ پاکستان آنے سے قبل اور مسلمانوں کے ساتھ زندگی گزار کر اسلام کو سمجھنے سے پہلے وہ بھی اسلام کو دہشت گردی، جنگ اور تشدد کا مذہب سمجھتے تھے مگر پاکستان میں رہ کر ان کے خیالات بدلے اور انہوں نے مذہب اسلام کے اصل مقصد کو سمجھا.

ویڈیو میں انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر شکرانے بھی ادا کیے اور ساتھ ہی ویڈیو میں انہیں کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے.ویڈیو میں انہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے اسکول آف اسلامک کی مسلمان ہونے کی ڈگری لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا.انسٹاگرام پر بھی کرس بیٹزمین نے اسلامک اسکول آف میامی کی مسلمان ہونے کی اسناد کے ساتھ تصاویر شیئر کیں.جرمن یوٹیوبر کی جانب سے اسلام قبول کیے جانے کے بعد ان کے مداحوں نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ کئی معروف شوبز شخصیات نے بھی انہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارک باد دی.

انہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی مبارک باد دینے والی شخصیات میں ان کی گرل فرینڈ اداکارہ زویا ناصر، اداکارہ منال خان، یوٹیوبر شام ادریس اور زید علی سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں.کرس بیٹزمین کو اسلام قبول کیے جانے پر جہاں پاکستانی مداحوں نے مبارک باد پیش کی، وہیں ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹس بھی کیے کہ اب وہ ان کی زویا ناصر سے شادی کی خبر کے منتظر ہیں.متعدد مداحوں نے ان کے مسلمان ہونے کے بعد کمنٹس کیے کہ وہ اس خبر کو سننے کے منتظر ہیں