رائے پور: ملک ایک طرف جہاں کورونا وبا کے بحران سے دو چار ہے وہیں مہنگائی کی مار بھی برداشت کر رہا ہے۔ ایندھن قیمتوں میں ہر روز اضافہ اور لاک ڈاؤن کے دوران مہنگے پھل اور سبزیوں سے پریشان عوام کو راحت کی کوئی امید نظر نہیں آتی اور بی جے پی لیڈران ایسے وقت میں بھی غیرذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔

چھتیس گڑھ حکومت میں تین مرتبہ وزیر رہے بی جے پی کے رکن اسمبلی برج موہن اگروال نے مہنگائی کے حوالہ سے ایسا ہی بے تکا بیان دیا ہے۔ برج موہن نے کہا کہ جنہیں مہنگائی آفت لگ رہی ہے وہ کھانا پینا چھوڑ دیں اور پٹرول کا استعمال بھی بند کر دیں!

برج موہن نے اتنے پر ہی بس نہیں کیا بلکہ مزید کہا کہ اگر کانگریس سے وابستہ افراد اور کانگریس کو ووٹ دینے والے لوگ ایسا کریں گے تو مہنگائی کم ہو جائے گی۔ برج موہن کے اس بیان پر ریاستی کانگریس کے ترجمان سشیل آنند شکلا نے ٹئوٹ کر کے کہا، ’’دیکھیں بی جے پی رکن اسمبلی کی بے شرمی بھری صلاح! عوام کھانا پینا بند کر یدں، پٹرول ڈیزل کا استعمال بند کر دیں تو مہنگائی کم ہو جائے گی!‘