کویت: شیخ احمد نواف الصباح دوبارہ وزیراعظم مقرر
کویت کےولی عہد نے شیخ احمد نواف الصباح کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کیا ہے اور انھیں کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے گذشتہ سال شیخ احمد کو پہلی مرتبہ وزیر اعظم نامزد کیا تھا اور ملک میں جاری سیاسی تعطل کو ختم کرنے کے لیے پارلیمنٹ تحلیل کرکے قبل از وقت انتخابات کرائے تھے۔ان میں حزب اختلاف کے ارکان نے کامیابی حاصل کی تھی۔
لیکن پارلیمان میں حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان گذشتہ سال اکتوبرمیں ایک مرتبہ پھر اس وقت دوبارہ کشیدگی پیدا ہوگئی جب قانون سازوں نے حکومت پر قرضوں میں ریلیف بل کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔اس کے تحت ریاست کو کویتی شہریوں کے ذاتی قرضے خریدنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ حزب اختلاف نے دو وزراء سے پوچھ تاچھ کرنے کی بھی کوشش کی، جس پر حکومت کو جنوری میں استعفا دینا پڑا تھا۔
اگرچہ کویت کے پاس مضبوط مالیاتی اور بیرونی بیلنس شیٹ ہے لیکن مسلسل سیاسی جھگڑے اور ادارہ جاتی تعطل نے سرمایہ کاری اور اصلاحات کومتاثر کیا ہے۔ ان معاشی اصلاحات کا مقصد کویت کےتیل کی آمدن پر بھاری انحصار کو کم کرنا ہے۔