کوکین رکھنے پر بی جے پی لیڈر پامیلاگوسوامی گرفتار

کولکتہ : بی جے پی یوتھ لیڈر پامیلا گوسوامی کو کولکتہ میں اپنی کار میں مبینہ طور پر کوکین رکھنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سازش کے تحت جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ پامیلا گوسوامی جسے پولیس نے لاک اَپ میں ڈال دیا، بی جے پی لیڈر راکیش سنگھ کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا اور اس کیس کی سی آئی ڈی تحقیقات پر بھی زور دیا۔ پامیلا کی ماں مدھو چندا گوسوامی نے کہا کہ ان کی بیٹی کو سازش کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ میری بیٹی بہت اچھے مزاج کی ہے، ہم لوگ متوسط خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم نے کبھی کوکین کا استعمال نہیں کیا۔ وہ راکیش سنگھ کے بارے میں بھی کچھ نہیں جانتی۔ یہ سارا کیس بوگس ہے۔ پامیلا گوسوامی کو 100 گرام کوکین کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ کوکین کی مقدار زیادہ ہے، اس لئے انہیں غیرضمانتی جرم کے زمرے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پامیلا سرگرم سیاست میں شامل ہونے سے پہلے ماڈل تھیں۔ انہوں نے ایرہوسٹس کی حیثیت سے بھی کام کیا اور وہ بنگالی ٹی وی کی اداکارہ بھی ہیں۔ ان کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی ریاستی ترجمان سامک بھٹاچاریہ نے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین نہیں ہے کہ یہ سارا معاملہ منصوبہ بند ہے۔ فی الحال پولیس ریاستی حکومت کے تحت ہے، یہاں پر ابھی ضابطہ اخلاق نافذ نہیں ہوا ہے۔

Leave a comment