نئی دہلی، 13نومبر (یو این آئی) ہندستانی ریلوے نے آئندہ کچھ دنوں میں کووڈ سے قبل کی طرح تمام مسافر ریلوے خدمات کو پرانے ٹائم ٹیبل کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے بورڈ نے آج یہاں اس سلسلہ میں ایک سرکلر تمام زونل ریلوے کے پرنسپل چیف کمرشل منیجروں کو جاری کیا ہے۔ اس سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ٹائم ٹیبل کے مطابق تمام باقاعدہ سپرفاسٹ، میل ایکسپریس، اور پسنجر گاڑیوں کو چلانا شروع کیا جائے گا۔

ان گاڑیوں کے پرانے نمبر بحال ہوں گے اور پہلے یہ جن زمروں کے تحت چلتی تھیں اسی زمرہ اور اس کرایہ کی شرح کے حساب سے ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ریلوے کے سرکاری ذرائع کے مطابق اس وقت 1744گاڑیاں اسپیشل نمبر سے چلائی جارہی ہیں۔ آئندہ کچھ دنوں میں ان کے نمبر سے صفر ہٹا دیاجائے گا اور انہیں پرانے نمبروں سے چلایا جائے گا۔ اسپیشل نمبر ہونے کی وجہ سے کچھ گاڑیوں میں زیادہ کرایہ لیا جارہا تھا وہ بھی پہلے کی طرح ہوجائیں گے۔حالانکہ ذرائع نے یہ بھی کہاکہ غیرریزرو جنرل زمرہ کے کوچ میں غیرریزرو ٹکٹ جاری نہیں کئے جائیں گے اور کووڈ پروٹوکول پر مکمل طورپر عمل درآمد کیا جائے گا۔

گاڑیوں میں پہلے کی طرح کھانے پینے کا انتظام، چادر تکیہ کمبل دینے، کرایہ میں پرانی رعایتیں بحال کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ ابھی کووڈ پروٹوکول نافذ رہے گا اور فی الحال اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ کووڈ وبا کی وجہ سے 20مارچ2020کو ریلوے مسافر خدمات بند کردی گئیں تھیں۔ بعد میں کئی مہینہ بعد اسپیشل نمبر سے کم از کم تعداد میں گاڑیوں کو مخصوص شرائط کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ آہستہ آہستہ ان شرائط میں وبا کی صورتحال میں تبدیلی کے ساتھ نرمی دی گئی اور اب گاڑیوں سے اسپیشل نمبر ہٹانے اور جنرل کرایہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔