نئی دہلی: کورونا کی نئی لہر نے ملک بھر میں ہلچل پیدا کردی ہے اور متعدد ریاستوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، دہلی حکومت بھی حرکت میں آ گئی ہے اور پانچ ریاستوں سے دہلی آنے والے مسافروں پر کورونا کی نگیٹو رپورٹ کے بغیر داخلہ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نئے حکم کے مطابق مہاراشٹر، کیرالہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور پنجاب سے دہلی آنے والے افراد کو نگیٹو آر ٹی – پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ دکھانے پر دہلی میں داخلہ ملے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران رپورٹ ہونے والے نئے کورونا کے معاملات کا 86 فیصد ان پانچ ریاستوں سے تعلق ہے، جس کے بعد دہلی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے متعلق آج باضابطہ حکم جاری کیا جائے گا۔ ان پانچ ریاستوں کے نوڈل افسر سے کہا جائے گا کہ وہ دہلی جانے والے لوگوں کی 72 گھنٹوں پرانی نگیٹو آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ کو یقینی بنائیں۔