کورونا کا پھیلاؤ روکنے 12 ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی

محکمہ شہری ہوا بازی کی جانب سے اے ، بی اور سی زمرے کے ممالک کی نئی فہرست جاری

راولپنڈی: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی روک تھام کی کوشش میں سیول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اے، بی اور سی زمرے میں شامل ممالک کی نئی فہرست جاری کردی۔یہ اقدام وائرس کی جنوبی افریقی اور برازیلی قسم سامنے آنے کے بعد کیا گیا اور 12 ممالک سے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کردی۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق زمرہ سی میں شامل 12 ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی 23 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی۔اس ضمن میں ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سی اے اے نے کہا کہ ‘این سی او سی نے آگاہ کیا کہ زمرہ سی میں شامل ممالک سے پاکستان آمد پر مکمل پابندی ہوگی جس میں پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی رکھنے والے افراد بھی شامل ہوں گے جو اس سے قبل اس پابندی سے مستثنیٰ تھے۔اعلامیے کے مطابق یہ عارضی اقدام پاکستان میں کووِڈ 19 کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اٹھایا گیا۔اس حوالے سے ایوی ایشن ڈویڑن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سول ایوی ایشن نے ملک میں آنے والے ممالک کے لیے اپنی زمرہ سی اپڈیٹ کی ہے اور برطانیہ کو اس سے نکال کر زمرہ بی میں شامل کردیا ہے۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشنز عرفان صابر نے ممالک کی نظرِ ثانی شدہ فہرست جاری کی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 29 جنوری کو زمرہ سی میں شامل ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی 5 اپریل تک جاری رہے گی۔سی اے اے کا مزید کہنا تھا کہ زمرہ اے میں شامل ممالک کے بین الاقوامی مسافروں کے پاکستان میں داخل ہونے سے قبل کووِڈ 19 کا پی سی آر (پولیمرس چین ری ایکشن) ٹسٹدرکار نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ زمرہ اے میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، جاپان، قازقستان، لاؤس، منگولیا، ماریطانیا، مراقش، میانمار، نیپال، نیوزی لینڈ، سعودی عرب، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تاجکستان، ترنیڈیڈ اینڈ ٹوباگو اور ویتنام شامل ہیں۔دوسری جانب بوٹسوانا، برازیل، کولمبیا، گھانا، کومروس، کینیا، موزمبیق، پیرو، روانڈا، جنوبی افریقہ، تنزانیہ اور زمبیا کو زمرہ سی میں شامل کیا گیا ہے ۔تاہم زمرہ اے میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو پرواز سے قبل کووِڈ 19 کا ٹسٹ دکھانا ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق وہ تمام ممالک جو اے اور سی زمرہ میں شامل نہیں وہ زمرہ بی کا حصہ ہیں۔چنانچہ زمرہ سی والے ممالک سے پاکستان میں بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کے مطابق ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔

Leave a comment