دہلی میں رات 10 تا صبح 5 بجے کورونا کرفیو
نئی دہلی :مرکزی حکومت نے منگل کو کہا کہ کووڈ۔19 ملک میں اب گزشتہ سال کے مقابل زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور متنبہ کیا کہ آئندہ چار ہفتے بہت نازک ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام اس عالمی وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے میں تعاون کریں۔ دہلی بھی کئی ریاستوں کے ساتھ شامل ہوگیا جہاں کورونا وائرس کے انفیکشن میں اضافہ کے پیش نظر رات کا کرفیو لگادیا گیا ہے۔ دہلی میں آج سے رات 10 بجے تا صبح 5 بجے کا نائٹ کرفیو 30 اپریل تک کے لئے لاگو کردیا گیا تاکہ کورونا کے بڑھتے انفیکشن کو روکا جاسکے۔ یہ اقدام ملک بھر میں ایک روز میں زائداز ایک لاکھ نئے کورونا کیسوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ حکومت دہلی نے اپنے حکمنامہ میں کہاکہ کوویڈ ۔ 19 کیسوں میں اچانک اضافہ تشویش کا باعث ہے اِس لئے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کو ضروری سمجھا گیا۔ پرائیوٹ ڈاکٹرس اور دیگر میڈیکل اسٹاف کو نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔


اپنی رائے یہاں لکھیں