کورونا کاڈر:سنگاپور سے آئے 6مسافروں کو ٹرین سے اتارا گیا

ممبئی،19مارچ(یو این آئی)سنگا پور سے حال ہی میں ہندستان واپس لوٹے 6افراد جمعرات کو بڑودہ جانے کے لئے ٹرین میں سوار ہوئے تھے لیکن انہیں ٹرین سے اتار دیا گیا۔مغربی ریلوے کے افسران کے مطابق سنگا پور سے ممبئی واپس آنے کے بعد ہوائی اڈہ پر ان کے ہاتھ میں مہر لگائی گئی تھی اور انہیں اپنے گھر میں ہی رہنے کے لئے کہا گیا تھا۔

بڑودہ جانے کے لئے سبھی 6مسافر آج صبح بوری ولی ریلوے اسٹیشن پر سوراشٹر ایکسپریس میں سوار تھے لیکن ٹی ٹی آئی نے ان کے ہاتھ میں مہر دیکھ لی اور الارم بجا دیا جس کے بعد انہیں ٹرین سے اتار دیا گیا۔اسی طرح کا ایک معاملہ بدھ کو بھی پیش آیا تھا جس میں ممبئی کے نزدیک پال گھر ریلوے اسٹیشن میں جرمنی سے لوٹے چار لوگوں کو غریب رتھ ٹرین سے اتار دیا گیا تھا۔ان لوگوں کے ہاتھ میں بھی مہرلگی تھی جسے ریلوے افسران اور مسافروں نے دیکھنے کے بعد الارم بجا دیا تھا۔ بعد میں انہیں بھی ٹرین سے اتار دیا گیا تھا۔