Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

کورونا وائرس: ڈیکسامیتھازون بڑی خوش خبری، ڈبلیو ایچ او

IMG_20190630_195052.JPG

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کووڈ 19کے سنگین مریضوں کی جان بچانے کے حوالے سے ڈیکسامیتھاسون نامی سٹیرؤڈ کے ابتدائی نتائج کاخیر مقدم کرتے ہوئے اسے ‘بہت بڑی خبر‘ قرا ر دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ یہ”آکسیجن یا وینٹی لیٹر کی ضرورت والے کووڈ 19 کے انتہائی سنگین مریضوں کی شرح اموات کو کم کرنے کے سلسلے میں پہلی دوا ہے۔”ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنوم گیبریاس نے اپنے ایک بیان میں کہا”یہ بہت بڑی خبر ہے اور میں اس کے لیے حکومت برطانیہ، آکسفورڈ یونیورسٹی اور دیگر اسپتالوں نیز برطانیہ کے ان مریضوں کو مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے زندگی بچانے والی اس سائنسی کامیابی میں اپنا تعاون دیا۔

” انہوں نے مزید کہا کہ محققین نے تحقیق کے ابتدائی نتائج ڈبلیو ایچ او کو بتائے ہیں اور ہم ا س کے مکمل تجزیہ کے اعداود شمار کے منتظر ہیں جس کے بعد ہم کووڈ 19کے علاج کے لیے اس کے استعمال کے متعلق نئے رہنما خطوط جاری کریں گے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین نے کل اعلان کیا تھا کہ کووڈ 19 کے سنگین مریضوں کو، جو وینٹی لیٹر پر ہیں یا جنہیں آکسیجن دی جارہی ہے، ڈیکسامیتھاسون نامی سٹیرؤڈ دینے سے شرح اموات میں 35 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے ڈیکسامیتھاسون سٹیرؤڈ کی خوراک کووڈ 19 کے 2000 سے زائد مریضوں کو دی۔ یہ دوا ان مریضوں کو دی گئی جن کی حالت نازک تھی اور جو وینٹی لیٹر پر تھے۔

اس دوا کے استعمال سے ان مریضوں کی شرح اموات میں 40 سے 28 فیصد تک کمی آئی۔ ابتدائی نتائج سے یہ بھی پتہ چلا کہ ایسے مریضوں، جو وینٹی لیٹر کے بجائے آکسیجن پر تھے، کی شرح اموات میں 25 تا 20 فیصد کی کمی آئی۔