کورونا وائرس سے ایرانی رکن پارلیمنٹ سمیت اب تک 54 ہلاک

44

تہران:یکم مارچ ( ایجنسی)چند روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ایران کے ایک رکن پارلیمنٹ انتقال کر گئے ہیں۔محمد علی رمضانی دستک کا انتقال سنیچر کو ہوا ہے جس کے ساتھ ہی ایران میں کورونا سے ہونے والی تازہ اموات کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔عرب نیوز کے مطابق ایران کی نائب صدر، نائب وزیر صحت اور پانچ دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت متعدد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ملک میں تیزی سے پھلیتے اس وائرس نے ایران کی حکومت کو پارلیمنٹ بند کرنے اور داخلی سفر پر پابندیاں عائد کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

ایرانی حکام نے ہسپتال اور نرسنگ ہومز کے دورہ کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔دوسری طرف خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 54 ہوگئی ہے جبکہ وائرس تیزی سے ملک کے مختلف حصوں میں پھیل رہا ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہاں پور نے اتوار کو اپنی ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 385 نئے افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔‘
یوں ایران میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کل افراد کی تعداد 978 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ’اگرچہ کچھ صوبوں سے آج کل اچھی خبریں نہیں آرہیں مگر خوش قسمتی سے گذشتہ دنوں کے دوران 175 افراد ہسپتالوں سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔‘عرب نیوز کے مطابق مشرق وسطی میں ایران کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کا مرکز ہے۔ عمان اور قطر دونوں ممالک نے سنیچر کو کورونا وائرس کے پہلے کیس رپورٹ کیے تھے۔ جن دو افراد میں کورونا وائرس پایا گیا وہ ایران کا سفر کر چکے تھے۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے نرسری سکول بند اور طلبہ کے ٹرپس منسوخ کر دیے ہیں۔