ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم اور کبار علماء کونسل کے صدرنشین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے شکار افراد کا دوسرے لوگوں کے ساتھ میل جول رکھنا سخت نامناسب ہے ۔ انہوں نے شہریوں اور غیر ملکیوں پر زور دیا ہیکہ وہ وبا کی روک تھام کیلئے حکومت اور سرکاری اداروں کی طرف سے وضع کردہ شرائط اور ضوابط پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ ایک مفصل بیان میں مفتی اعظم سعودی عرب نے انسانی صحت کے تحفظ کیلئے دین اسلام کی تعلیمات اور ہدایات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحت اللہ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک گرانقدر نعمت ہے۔ ہر انسان کو اس کی قدر کرنا چاہیے۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا کہ دو نعمتیں لوگوں کو بے حد مرغوب ہیں۔ ایک صحت اور دوسری فراغت۔ جسمانی صحت عظیم نعمت ہے اور ہر انسان کو اس کی عظمت کا ادراک ہونا چاہیے۔اس لیے وبا کے دنوں میں لوگوں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے خود کو بچائے اور دوسروں کو بھی اس سے تحفظ دینے کی کوشش کرے۔ اسلام وبا کے شکار افراد سے صحتمند افراد کی جانوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت کرنا چاہئے۔ وبا سے بچنے کیلئے جسمانی صفائی کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں