مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہےکہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے مرنے والوں کے لواحقین کو 50 ہزار روپے کی امداد ملے گی۔حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے کووڈ کی وجہ سے مرنے والوں کے لواحقین کو 50،000 روپے کی ایکس گریشیا رقم دی جائے گی۔ یہ رقم اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کی جائے گی اور فیملی ممبر کے آدھار سے منسلک اکاؤنٹ میں براہ راست منتقل کی جائے گی۔

حلف نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہیہ انتظام آئندہ احکامات تک کووڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے بھی جاری رہے گا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سپریم کورٹ کے 30 جون 2021 کے فیصلے کی روشنی میں ہدایات تیار کی ہیں اور اسے وزارت داخلہ نے عدالت کے سامنے پیش کیا ہے۔ اس معاملے پر آج سماعت ہونی ہے۔

حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد کورونا سے مرنے والوں کے لواحقین کو ایکس گریشیا کی رقم دینے کا فیصلہ کرے گی ، تاہم ایکس گریشیا کی رقم ادائیگی اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے کیا جائے گا۔

ایکس گریشیا کی رقم کا دعویٰ کرنے کے لیے ، ریاستی حکومتیں ایک فارم جاری کرے گی اور اسے متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ کو جمع کرانا ہوگا۔ فارم اور دستاویزات جمع کرانے کے بعد 30 دن کے اندر اندر ایکٹ گریشیا کی رقم ادا کرنا ہوگی۔