کشمیر کی پہلی وائرس متاثرہ خاتون روبہ صحت ہوکر ہسپتال سے رخصت

سری نگر، 2 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافے کے بیچ سری نگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والی وادی کی پہلی وائرس متاثرہ خاتون مکمل طور پر صحت یاب ہوئی ہے اور اس کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون کے صحت یاب ہونے کی خبروں سے اہلیان وادی میں خوشی اور شادمانی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ وادی میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران پہلی بار لوگوں کو خوشگوار خبر ملی ہے۔ادھر سری نگر کے ڈل گیٹ میں واقع ہسپتال برائے امراض سینہ میں داخل پہلے وائرس متاثرہ مریض کا بھی ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کہا کہ کشمیر کی پہلی کورونا وائرس متاثرہ خاتون صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے اپنے گھر منتقل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو آٹھ نمونوں کی رپورٹ مثبت آئی اور اس طرح سے اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 70 ہوگئی ہے۔