کشمیرمیں برف وباراں ،درجہ حرارت میں کمی واقع

سری نگر: وادی کشمیر میں بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بیچ دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 24 اپریل سے موسم میں بہتری متوقع ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع ہونے والے برف وباراں کے بیچ دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 37.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔وادی کشمیر کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس سے وہاں موجود غیر مقامی سیاح لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

Leave a comment