کشمیر:برفباری سے گرمی کم،خوشگوار موسم متوقع

سری نگر: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی درج ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم9 اپریل سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شمالی ضلع کپوارہ کے بعض بالائی علاقوں بشمول کرناہ، مژھل اور کیرن میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرناہ میں سادھنا ٹاپ پر ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی یے جس سے سڑک ایک بار پھر بند ہوگئی ہے ۔دریں اثنا وادی کشمیر میں چہارشنبہ کے روز موسمی حالات دگرگوں ہی رہے ۔ کبھی مطلع پر گہرے بادل چھائے رہے تو کبھی آفتاب بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔آفتاب اور بادلوں کے درمیان ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی جد وجہد دن بھر جاری رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں برف وباراں کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی درج ہوئی ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 28.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Leave a comment