کسی بھی ATM سے رقم نکالنے کی مفت سہولت
نئی دہلی 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر کئی رعایتوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آئندہ تین ماہ کے لئے دیگر بینکوں کے اے ٹی ایمس سے رقم نکالنے کی سہولت مفت ہوگی۔ ڈیبٹ کارڈ ہولڈرس اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس طرح بینک اکاونٹس میں اقل ترین بیالنس کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزیر فینانس نے کورونا وائرس کی وباءکے باعث ملک کے بعض حصوں میں لاک ڈاؤن اور بعض علاقوں میں کرفیو کے پیش نظر عوام کی سہولت کے لئے ان رعایتوں کا آج اعلان کیا ہے۔ وزیر فینانس نے عام لوگوں اور کاروباریوں کو انکم ٹیکس سود میں رعایت، واپسی اور دیگر قوانین میں کئی طرح کی رعایت کا اعلان کیا ہے ۔
نرملا سیتا رمن نے وزیر مملکت انوراگ ٹھاکر کے ساتھ یہاں انکم ٹیکس، گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی)، کسٹم اینڈ ایکسائز ڈیوٹی، دیوالیہ قانون، بینکاری، ماہی گیری وغیرہ سے متعلق کئی طرح کے اعلان کئے ہیں۔ زیادہ تر معاملات میں تعمیل کی تاریخ 30 جون تک بڑھائی گئی ہے ۔امید کی جا رہی تھی کہ وزیر فینانس کسی اقتصادی پیکج کا اعلان کر سکتی ہیں۔ اس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت جلد اس کا اعلان کرے گی۔ سیتا رمن نے بتایا کہ 2018-19 کے لئے ررٹن بھرنے کی آخری تاریخ 31 مارچ سے بڑھ کر 30 جون کی گئی ہے اور اس پر لگنے والا سود 12 سے کم کرکے نو فیصد کر دیا گیا ہے ۔