عمران خان کو سازش کیساتھ حکمرانی دی گئی، پاکستانی معیشت آئی سی یو میں پہونچ چکی، مریم نوازکا دعویٰ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی فوجی سربراہ قابل احترام ہیں، پاکستانی فوج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہئے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو، نقل کے عادی شخص کو فوج کے آئینی دائرے میں رہ کرکام کرنے سے تکلیف ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کیس کو 10 ماہ ہوگئے لیکن قومی احتساب بیورو آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا اور کیس کو طویل کر رہا ہے، سابقہ دورِحکومت میں نیب کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہئے، اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں، کبھی ان کو کورونا ہوجاتا ہے تو کبھی کوئی مسئلہ، اصل میں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں، اگر میرے خلاف ثبوت ہیں تو مجھے سزا دیں، نیب تاخیر کر رہا ہے تو میرے بطور شہری حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اگر اپ کے پاس میرے خلاف ثبوت نہیں تو عدلیہ نیب کی اس زیادتی کا نوٹس لے اور نیب کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس 4 سال میں 4 سکینڈ کی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں، ان کی کارکردگی نہیں ہے اس لئے خط اور سازش کی ضرورت پڑتی ہے، سابق وزیراعظم 4سال میں پاکستان کو 400سال پیچھے دھکیل کر گئے، جب اس سے پوچھوں کہ مہنگائی کیوں ہے، آٹا اور ادویات کیوں مہنگے ہوئے تو کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہوئی، جب کرکٹ کے میدان سے کسی کھلنڈرے کو حکومت میں پہنچائیں گے تو وہ یہی کریگا،عمران خان نے ملک کی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچا دیا آج آپ کو پریس کانفرنس کرتے شرم نہیں آتی، اصل میں ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش عمران خان کی شکل میں ہوئی ایسی سازش تو کوئی کرنے کی جرات نہیں کر سکتا تھا، آج ڈاکٹر اسرار اور شہید حکیم سعید کی بات یاد آرہی ہے کہ عمران کو ملک کو خراب کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہے، مجھے وہ بات آج سمجھ آئی۔لیگی رہنما نے کہا کہ یہ لوگ اپنی ہی لائی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں، عمران خان چور ہیں اور ان کے اردگرد جو وزرا ہیں وہ چور اور ڈاکو ہیں، 4 ہفتے کی حکومت پر آپ مہنگائی کی ذمہ داری ڈال رہے ہیں، 4 سال کا گند چار ہفتے کی حکومت پر کیسے ڈال سکتے ہیں، آپ مہنگائی کی بات کس منہ سے کرتے ہیں آپ نے تو معیشت کو تباہ کردیا، یہ ڈالر پر بات کرتے ہیں، پہلے 189 پر ڈالر کا جواب تو دیں، جب کسی اناڑی کو لاکر بٹھاتے ہیں تو وہ یہی کرے گا،گوگی اور اپنے رشتے داروں کو اہم عہدوں پر بٹھا کر دیہاڑیاں لگائی گئیں، عمران خان نے جاتے جاتے پاکستان کے دیگر ممالک کے تعلقات کو آگ لگائی، مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا، لوگ جانتے ہیں مہنگائی آپ کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب تک ادارے سپورٹ کررہے تھے تب تک وہ سراج الدولہ تھے، جیسے اقتدار جاتا نظر آگیا تو آج کوئی میر صادق کوئی میر جعفر بن گیا، عمران خان اداروں کو خطرناک ہونیکی کھلی دھمکیاں دیتاہے،اداروں کونوٹس لیناچاہئے، اگر فوج کہتی ہے وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کر ے گی تو یہ خوش آئند بات ہے، ایک ہی شخص کو فوج کے آئینی دائرے میں رہنے سے تکلیف کیونکہ اسے نقل کرنے کی عادت ہے، پاک فوج کا سربراہ محترم ہیں، پاکستانی فوج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہئے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو۔