نئی دہلی: لیجنڈ کرکٹر سچن تیندولکر کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ یہ جانکاری سچن تیندولکر نے خود سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کیذریعہ دی ہے ۔ سچن تیندولکر نے خود کو ہوم کوارنٹائن کرلیا ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں رائے پور میں سابق کرکٹروں کے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز چیلنج ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی ۔سچن تیندولکر نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ میں مسلسل ٹیسٹ کروا رہا تھا ۔

ساتھ ہی سبھی گائیڈلائنس پر عمل بھی کررہا رہا تھا ۔ حالانکہ ہلکی علامت کے ساتھ مجھے پازیٹو پایا گیا ہے ۔ گھر میں دیگر اراکین کی رپورٹ منفی آئی ہے ۔ میں نے خود کو کوارنٹائن کرلیا ہے اور سبھی پروٹوکولس پر عمل بھی کررہا ہوں ۔ ڈاکٹرس کے مشورہ پر عمل کررہا ہوں ۔ میرا خیال رکھ رہے سبھی طبی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

بتادیں کہ مہاراشٹر میں کورنا ایک مرتبہ پھر دھماکہ خیز شکل اختیارکرتا جارہا ہے ۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 60 ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آنے سے کورونا کی خطرناک صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 62 ہزار 258 معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ 291 لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ وہیں مہاراشٹر میں بھی کورونا وائرس کے معاملات کی رفتار اب ڈرانے لگی ہے ۔

ہر دن ریکارڈ سطح پر معاملات سامنے آرہے ہیں ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے نے پوری ریاست میں 28 مارچ تک نائٹ کرفیو کا اعلان کردیا ہے ۔

اس درمیان اگر گزشتہ 24 گھنٹوں کی بات کریں تو ریاست میں 36 ہزار 902 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 112 لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے ۔ وہیں 17 ہزار 19 کورونا مریض شفایاب ہوکر گھر بھی لوٹے ہیں ۔ مہاراشٹر میں کورونا کے کل معاملات کی تعداد 26 لاکھ 37 ہزار 735 تک پہنچ گئی ہے ۔

ابھی تک 23 لاکھ 56 افراد شفایاب ہوچکے ہیں اور فی الحال دو لاکھ 82 ہزار 451 ایکٹیو کیسیز ہیں ۔ جبکہ 53 ہزار 907 افراد کی موت ہوئی ہے ۔