کروناوائرس سے مہاراشٹر میں 38 افراد متاثر، وزیر اعلی نے ہنگامی میٹنگ طلب کی
ممبئی ، 16 مارچ (یو این آئی ) ریاست مہاراشٹر میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پانچ نئے معاملات ریاست میں سامنے آئے ہیں جس سے اس وبائی امراض میں مبتلا ہونے والوں کی کل تعداد 38 تک پہنچ چکی ہے نیز اس سلسلے میں آج یہاں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کر کے اس بیماری کے کیئے جانے والے علاج اور احتیاطی تدابیر کے تعلق سے معلومات حاصل کی اور کئی ایک احکامات جاری کیئے ۔
وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ کلکٹر اور اعلی سرکاری افسران سے بذریعہ ویڈی کانفرنس بات چیت کی ہے اور مکمل معلومات حاصل کی ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کروناوائرس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ان کے خون کے نمونوں میں اس بیماری کی تصدیق بھی حاصل ہوئی ہے ۔
اسی درمیان نئی ممبئی شہر میں بیرون ملک سے آئے ایک نوجوان کے بھی اس بیماری میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔
ایوت محل کی کلکٹر آر بی سنگھ نے بتلایا کہ گزشتہ دنوں ایک شخص دوبئی سے ہندوستان آیا تھا آج اس کے کروناوائرس کی بیماری میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
ریاست کےمختلف شہروں اور اضلاع میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد مندرجہ ذیل ہے ۔
پونا (16)، ناگپور (4)، نئی ممبئی (2)، ایوت محل (3) ، تھانہ ،کلیان ، احمد نگر ، رائے گڑھ (ہر ضلع میں ایک مریض )۔
واضح رہے کہ گزشتہ کل ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست بھر کے اسکولوں ، کالج ، شاپنگ مال ، سنیما تھیٹر ، جمنازیم ، سویمنگ پل کے کھلے رہنے پر 31 مارچ تک کا احتیاطی تدابیر کے طور پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے آج خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے اور شہر و مضافات میں دفاتر اور اسکولیں بند رہیں اسی طرح سے شہر کی سڑکیں بھی سنسان نظر آئیں ۔