کرناٹک کے وزیر کے خلاف مقدمہ درج، خاندان کو دھمکی دینے کا الزام

نئی دہلی:31/اگست (ایجنسیز) پولیس نے کرناٹک حکومت کے وزیر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے سیاحت اور ماحولیات کے وزیر آنند سنگھ پر ایک خاندان کو دھمکی دینے کا الزام ہے۔ وزیر کی دھمکی کے بعد متاثرہ خاندان کے افراد نے خود کو بھی آگ لگا کر مارنے کی کوشش کی۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وزیر آنند کی طرف سے دھمکی کی اطلاع ملنے کے بعد پولس نے ان کے ساتھ ساتھ تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈی پولپا اور دیگر کے درمیان ایک زمین کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔ پولپا کا تعلق ایس سی برادری سے ہے، اس لیے پولس اس معاملے میں ہر طرح سے اقدامات کر رہی ہے۔

منگل کو جب وزیر نے اپنے گاؤں کا دورہ کیا تو دوسری برادریوں کے لوگوں نے ان سے معاملہ حل کرنے کی درخواست کی۔ پولپا نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ وزیر نے گاؤں کے دورے کے دوران انہیں دھمکی دی اور معاملہ حل کرنے کو کہا۔ ایسا نہ کرنے پر وزیر نے پولپا سمیت پورے خاندان کو جلانے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس افسر کے مطابق وزیر کی جانب سے دھمکی ملنے کے بعد پولپا سمیت ان کے پانچ رشتہ دار ہوسپت دیہی کے تھانے پہنچے اور سب نے مل کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ تاہم اسے ایسا کرنے سے پہلے روک دیا گیا اور بعد میں اسے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولس نے پولپا اور دیگر پانچ افراد کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔