کرناٹک کے مندر میلہ میں مسلم تاجروں کے بائیکاٹ کا بیانر

441

دکھشن کنڑا: 14/جنوری(ایجنسی) وشواہندو پریشد(وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کارکنوں نے ہفتہ کے دن منگلورو سٹی کے قریب کاورو کے مذہبی میلہ میں مسلم تاجروں کے بائیکاٹ کا بیانر لگادیا۔ یہ بیانر مہالنگیشور مندر کے احاطہ میں لگایا گیا جو محکمہ ہندو انڈومنٹ کے تحت ہے۔ مذہبی میلہ 14 تا 18 جنوری جاری رہے گا۔

ایک مقامی شخص نے کہا کہ سابق میں بیشتر دکانیں مسلمان لگاتے تھے۔اِس بار مینجمنٹ نے بجرنگ دل کارکنوں کو دکانیں الاٹ کی ہیں۔ بجرنگ دل کارکنوں کا کہنا ہے کہ ٹمپل مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ بیانر پر لکھا ہے کہ کاروبار کرنے کا موقع صرف ہندو تاجروں کو ملے گا جو ہندو دھرم اور روایات پر یقین رکھتے ہیں۔مورتی پوجا کو ”حرام“ سمجھنے والوں کے لئے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ حلقہ کی نمائندگی بی جے پی رکن اسمبلی بھرت شیٹی کرتے ہیں۔ بیانر لگنے کے بعد محکمہ پولیس نے مندر کے احاطہ میں اور اطراف کے علاقہ میں سٹی آرمڈ ریزرو (سی اے آر) کے دستے تعینات کردیئے۔