کرناٹک انتخابی نتائج LIVE: کانگریس کو مکمل اکثریت، بی جے پی کو لگا جھٹکا

3,315

کانگریس 124 سیٹوں پر آگے

کرناٹک میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ رجحانات میں کانگریس نے اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ کانگریس 124 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ بی جے پی 69 سیٹوں پر اور جے ڈی ایس 24 سیٹوں پر آگے ہے۔

13 May 2023, 11:53 AM

کانگریس کو مکمل اکثریت، بی جے پی کو لگا جھٹکا

الیکشن کمیشن نے تمام 224 اسمبلی حلقوں کے رجحانات کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس 121 سیٹوں پر، بی جے پی 72 سیٹوں پر اور جے ڈی ایس 25 سیٹوں پر آگے ہے۔ جبکہ 6 سیٹوں پر دیگر امیدوار آگے چل رہے ہیں۔

13 May 2023, 10:59 AM

کرناٹک کے 6 وزرا رجحانات میں پیچھے، شیوکمار اور سدارمیا آگے

کرناٹک میں حکمراں بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران ان کے چھ وزراء پیچھے چل رہے ہیں۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے ریاستی وزیر محصولات آر کے اشوک سے تیسرے راؤنڈ کے بعد 15,098 ووٹوں کی واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرے دور کی گنتی کے بعد حزب اختلاف کے لیڈر سدارمیا نے ہاؤسنگ منسٹر وی سومنا کے خلاف ورنا سیٹ پر 1224 ووٹوں کی برتری حاصل کی ہے۔

13 May 2023, 10:26 AM

لوگوں نے بی جے پی کی منفی مہم کو مسترد کر دیا: کانگریس

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات کے بعد کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قطعی اکثریت کے ساتھ ریاست میں آ رہی ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ لوگوں نے بی جے پی خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی منفی مہم کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں واضح اکثریت کے ساتھ آ رہے ہیں۔

ادھر، کانگریس کی ترجمان الکا لامبا نے کہا ’’ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ چند ماہ قبل ہماچل کے نتائج اور کرناٹک اسمبلی انتخابات کی گنتی کے تازہ ترین رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں، اس لیے وہ قدیم ترین پارٹی کے حق میں ووٹ دے رہے ہیں۔‘‘

13 May 2023, 10:14 AM

رجحانات میں کانگریس کو 117 سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل، بی جے پی کافی پیچھے

کرناٹک میں کانگریس جیت کی طرف بڑھ رہی ہے اور وہ رجحانات میں 117 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ وہیں بی جے پی محض 77 سیٹوں پر آگے ہے۔ کانگریس کو مل رہی جیت کے پیش نظر لیڈر ڈی کے شیوکمار فون پر ایک ایک کرکے الیکشن لڑنے والے امیدواروں سے رابطے میں ہیں۔ پارٹی کو مل رہی ممکنہ جیت کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے جشن منانا شروع کر دیا ہے۔

13 May 2023, 9:17 AM

رجحانات میں کانگریس کو واضح اکثریت حاصل، 118 سیٹوں پر آگے

کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی لگاتار جاری ہے اور کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ کانگریس فی الحال 118 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ بی جے پی محض 82 سیٹوں پر آگے ہے۔ جے ڈی ایس 23 اور دیگر 1 سیٹ پر آگے ہے۔

13 May 2023, 9:10 AM

کرناٹک میں ووٹوں کی گنتی جاری، رجحانات میں کانگریس کو واضح اکثریت حاصل

کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی لگاتار جاری ہے اور کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ کانگریس فی الحال 115 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ بی جے پی محض 83 سیٹوں پر آگے ہے۔