نئی دہلی، 05 جون (یو این آئی) جنوب مغربی مانسون وسطی بحیرہ عرب، ساحلی کرناٹک، گوا، مہاراشٹر کے کچھ حصوں، شمالی کرناٹک کے بیشتر حصوں، تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کچھ حصوں، تمل ناڈو کے وسطی علاقوں، وسطی خلیج بنگال اور شمال مشرقی خلیج بنگال کے کچھ حصوں کی طرف پیش قدمی کررہا ہے۔

 

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اگلے 24 گھنٹے کے دوران بحیرہ عرب کے مزید علاقوں، مہاراشٹرکے بقیہ علاقوں، کرناٹک کے بقیہ علاقوں، آندھرا پردیش اور تلنگانہ، تمل ناڈو کے مزید علاقوں، وسطی اور شمال مشرقی خلیج بنگال اور شمال مشرقی ہندوستان کی طرف مانسون کی پیش قدمی کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ہونے والی ریلیز کے مطابق نیچی سطح کے جنوب مغربی ہواؤں کے زور پکڑنے کی وجہ سے اگلے پانچ دنوں کے دوران شمال مشرقی ریاستوں میں وسیع پیمانے پر بارش ہونے کی توقع ہے۔کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران گرج و چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے کے دوران مغربی ہمالیہ کے خطے اور شمال مغربی ہندوستان کے ملحقہ میدانی علاقوں میں تیز آندھی، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں 8 اور 9 جون کو 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔