کراچی: کراچی کے سمندر میں شارک کے خاندان سے تعلق رکھنی والی مانٹا نامی دو نایاب مچھلیوں کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق 2 بھاری بھرکم مانٹا نسل کی مچھلیوں کو کراچی کے جنوب مغربی بحیرہ عرب میں 50 ناٹیکل میل کی دوری پر ریکارڈ کیا گیا، اس دوران نزدیک موجود لانچ پر سوار ماہی گیروں نے ویڈیو بنائی۔ اسٹنگ رے اور شارک کے خاندان سے تعلق رکھنے والی آبی حیات مانٹا کی تعداد میں 20 برسوں کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔ ترجمان ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق انفرادی طور پر تو مانٹا کو دیکھا جاچکا ہے، تاہم بیک وقت مذکورہ دو مچھلیوں کا ایک ساتھ ہونا انتہائی غیر معمولی ہے۔آئی یو سی این نے حال ہی میں مانٹا کی اس نسل کو خطرے سے دوچار قرار دیا، جنوبی ایشیاء میں یہ مچھلی عام طور پر پائی جاتی تھی لیکن اب یہ انتہائی نایاب ہوتی جارہی ہے۔