کانگریس کی شکست پر اشوک راؤ چوہان نے کیا کہا دیکھئے

عوام کا فیصلہ تسلیم ہے: اشوک چوہان

ممبئی:ممبئی: (ورق تازہ نیوز) لوک سبھا انتخاب میں عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے جو فیصلہ دیا ہے اسے کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرکی حیثیت سے اس شکست کی ذمہ داری میں تسلیم کرتا ہوں۔ پارلیمانی انتخاب کے نتائج کے بعد یہ باتیں اشوک چوہان نے کہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے گزشتہ پانچ سالوں سے مسلسل عوام کے مسائل کواٹھاتی رہی، سڑکوں پر اتر کر جد وجہد کیا۔ اسی کی بنیاد پر ہم نے پارلیمانی انتخاب میں حصہ لیا۔ لیکن کانگریس کو کامیابی نہیں مل سکی۔ یہ ہمارے لئے نہایت افسوسناک ہے۔ اس انتخاب میں حتی المقدور محنت کرنے والے کارکنان وکانگریس پارٹی پر اعتماد ظاہر کرنے والے لاکھوں رائے دہندگان کے ہم مشکور ہیں۔

جمہوریت میں عوام کا فیصلہ سب سے بلند ہوتا ہے۔ اس کا ہم احترام کرتے ہیں اور اس انتخاب میں کامیاب ہوئے این ڈی اے اور دیگرتمام امیدواروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس امید کے ساتھ کہ نئی حکومت عوامی کی توقعات پر پورا اترے گی، کامیاب ہوئے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شکست سے دلبرداشتہ نہ ہوتے ہوئے آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ہم پارٹی کو نئے سرے سے مستحکم کریں گے اور سچ کے لئے نیز عوام کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ کانگریس پارٹی کے تمام سینئر لیڈران اس میں تعاون کریں گے۔ ناندیڑ کے نتائج کے بارے میں بات کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ یہاں کی عوام چوہان خاندان کے ساتھ مسلسل محبت کا رویہ اپنایا ہے۔

بیشتر انتخابات میں ناندیڑ کی عوام نے ہم پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی خدمت کا موقع دیا ہے۔ اس بار غالباً انہیں تبدیلی چاہئے تھی، جس کی وجہ سے ناندیڑکی عوام کے فیصلے کا میں احترام کرتا ہوں۔ لیکن جمہوریت وآئین کے تحفظ کے نقطہ نظر سے انتہائی اہم اس انتخاب میں ونچت بہوجن اگھاڑی نے سیکولر ووٹوں کا نقصان کرکے فرقہ پرست پارٹیوں کی مدد کی۔ اس لئے بیشتر حلقہ انتخاب میں کانگریسی اتحاد کے امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اشوک چوہان نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کی آئندہ کی سرگرمیوں کے تعلق سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں منظور ہوگا۔ہم کانگریس پارٹی کے استحکام کے لئے ہمیشہ پابند عہد ہیں۔

Leave a comment