کانگریس اترپردیش میں اکیلے الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہے ، لیکن نتیجہ کیا ہوگا؟
لکھنو ۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے اشارہ دیا ہے کہ یوپی میں ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یوپی میں ان کی پارٹی اکیلے الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو کم کر کے اندازہ لگانا بہت بڑی غلطی ہو گی۔راہل گاندھی 11 جنوری سے متحدہ عرب امارات کے دورہ پر جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے گلف نیوز سے بات چیت کی۔ اس بات چیت کے دوران انہوں نے کہا، ‘بہت سی دلچسپ چیزیں ہیں جو کانگریس یوپی میں کر سکتی ہے۔ اترپردیش کو لے کر کانگریس کی حکمت عملی بہت طاقتور ہے۔ لہذا اترپردیش میں ہم اپنی کارکردگی کو لے کر پرعزم ہیں اور ہم لوگوں کو چونکا دیں گے۔کانگریس نے پہلی بار ایس پی-بی ایس پی کے ساتھ بات نہ بننے پر پلان بی کا انکشاف کیا ہے۔ راہل گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب یہ خبریں آرہی تھیں کہ ایس پی-بی ایس پی سے اتحاد میں کانگریس کے لئے صرف امیٹھی اور رائے بریلی کی سیٹیں ہی چھوڑی جائیں گی۔