نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تنہا کار ڈرائیو کر رہے شخص کا بھی ماسک لگانا لازمی ہے۔ تنہا کار ڈرائیو کر رہے شخص کے ماسک نہ لگانے پر چلان کرنے کے معاملہ میں ہائی کورٹ نے کار کو بھی عوامی مقام قرار دیا۔ اس سے قبل بغیر ماسک لگائے تنہا ڈرائیو کر رہے شخص کا چلان کاٹے جانے کے معاملہ میں دہلی ہائی کورٹ میں پیر کے روز سماعت ہوئی۔

جسٹس پرتبھا ایم سنگھ کی بنچ نے زبانی طور پر کہا کہ اگر آپ تنہا کار ڈرائیو کر رہے ہیں تو آپ کو ماسک پہننے پر اعتراض کیوں ہے؟ عدالت عالیہ نے کہا کہ یہ تو خود آپ کی حفاظت کے لئے ہے۔ اتنا محتاط تو ہر شخص رہ ہی سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ جب ٹریفک سگنل پر گاڑی ٹھہرتی ہے تو بعض اوقات ڈرائیور کو اپنی جانب والی کھڑکی کھولنی پڑتی ہے۔

کورونا کا یہ وائرس اتنا خطرناک ہے کہ اس دوران کسی شخص کو اپنا شکار بنا سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ حکومت جو بھی اصول نافذ کر رہی ہے، وہ آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے کر رہی ہے، لہذا اسے انا کا معاملہ بنانے سے اجتناب کریں۔