"کاروانِ عقاب" نے شہر جلگاؤں میں شجرکاری مہم منائی

جلگاؤں، 20 جولائی (پریس ریلیز) مسلم طلباء و نوجوانوں کی کل ہند تنظیم "اسلامک یوتھ فیڈریشن"(IYF) کے شعبہ اطفال (چلڈرن ونگ) "کاروانِ عقاب" مہاراشٹر نے اپنی منصوبہ بندی کے تحت ماحولیات کا تحفظ اور بڑھتی فضائی آلودگی و حالیہ کرونا کی وباء میں آکسیجن کی کمی کے مدنظر سات روزہ مہم"شجرکاری ہفتہ" 12 تا 18 جولائی، صوبہ مہاراشٹر میں بڑے ہی جوش و خروش سے منعقد کی۔ درخت شروع ہی سے انسان کے لیے مفید و کارآمد رہے ہیں، روح ارضی پر درخت زندگی کے ساتھی ہیں۔ شجر سے محبت ماحول سے محبت ہے کیونکہ یہ درخت ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ CO2 جذب کر کے آکسیجن کا اخراج کرتے ہیں۔ درختوں کی بے جا کٹائی اور کمی کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت اور تیزابی بارش کے خطرات بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ بڑھتے ہوۓ اس عالمی درجہ حرارت سے نپٹنے کیلئے دنیا کے بیشتر ممالک نے اپنی سرکاروں میں کروڑوں روپیوں پر مشتمل بلوں کو تشکیل دیا ہیں۔ ماحول میں درخت کی تعداد میں اضافے اور ماحول کا تحفظ، اس امر کو یقینی بنانے کی خاطر تنظیم کے شاہین صفت بچوں و نونہالوں نے عوام الناس کو شجر کاری کی اہمیت جنگلات کا تحفظ اور ماحول پر سبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، لہذا شہر جلگاؤں کے اہم مختلف و مناسب مقامات پر شجرکاری انجام دی گئی مختلف اقسام کے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کیا گیا جو شہر کے ماحول کے مطابق تھے، تاکہ اس انمول نعمت کو ختم ہونے سے بچایا جائے اور درخت کی حفاظت ہو، فضا صاف وشفاف رہیں نیز ماحول کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے ساتھ ساتھ زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہو،اور بالخصوص اس کے متعلق دین اسلام نے تو ہماری مکمل رہنمائی فرمائی ہے۔