ڈونالڈ ٹرمپ کے پروگرام میں کورونا کامریض پہنچ گیا‘ مچی افراتفری
واشنگٹن :امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ جس سیاسی پروگرام میں شریک ہوئے تھے ، وہاں ایک ایسا شخص بھی موجود تھا ، جس میں اب کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس خبر کے سامنے آتے ہی وہائٹ ہاوس میں ہنگامہ مچ گیا۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں کنٹرویٹیو لیڈروں نے شرکت کی تھی۔امریکی افسران کے مطابق کنٹزرویٹو پالیٹیکل ایکشن کانفرنس ( سی پی اے سی ) کنٹرویٹو لیڈروں کی ملک کی سب سے بڑی سالانہ کانفرنس ہے ،
جس میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔ واشنگٹن کے نزدیک 26-29 فروری کو منعقد ہوئے اس پروگرام میں امریکی صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے علاوہ کئی کابینی ارکان اور وہائٹ ہاوس کے اعلی عہدیداران بھی شریک ہوئے تھے۔امریکین کنزرویٹو یونین نے ایک ہیلتھ سینٹر کے حوالے ہفتہ کو ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وائرس کانفرنس سے پہلے پھیلا تھا۔
نیو جرسی کے ایک اسپتال نے اس شخص کی جانچ کی اور مثبت نتیجہ کی تصدیق کی ہے۔ اس شخص کو الگ رکھا گیا ہے اور وہ نیوجرسی میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس شخص کا صدر یا نائب صدر کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا اور وہ مین ہال کے پروگراموں میں شامل بھی نہیں ہوا۔ تاہم یونین کے چیئرمین میٹ شکیلپ نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ انہوں نے پروگرام میں متاثرہ شخص سے بات چیت کی تھی اور پروگرام کے آخری دن اسٹیج پر ٹرمپ سے ہاتھ بھی ملایا تھا۔ادھر کورونا وائرس کے وہائٹ ہاوس کے پاس پہنچنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹرمپ نے کہا کہ میں فکرمند نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد ان کی انتخابی ریلیاں جاری رہیں گی۔