۔10 ملکوں کے ساتھ کوویڈ ورکشاپ، وزیراعظم نریندر مودی کا ورچول خطاب

نئی دہلی : کورونا وائرس ویکسین کو مؤثر بنانے سے متعلق اسٹڈنگ اور کلوٹنگ ڈیٹا کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک علاقائی ایر ایمبولنس معاہدہ کے امکان پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے ہنگامی خصوصی ویزا کی تجویز پیش کی۔ 10 ملکوں کے ساتھ کوویڈ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پڑوسی ملکوں کے قائدین سے کہاکہ وہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری میں تعاون کریں اور اس جذبہ کو برقرار رکھیں۔ وہ کوویڈ 19 مینجمنٹ پر ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے تجویز رکھی کہ 10 ملکوں کے ساتھ ہنگامی صحت خدمات کے دوران اگر ضرورت پڑے تو فوری سفری انتظام کرنے کے لئے ڈاکٹروں، نرسوں کو خصوصی ویزا اسکیم بھی رکھی جانی چاہئے۔ انھوں نے استفسار کیاکہ کیا ہم ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے ایک خصوصی ویزا اسکیم بناسکتے ہیں تاکہ طبی عملہ فوری طور پر ہمارے خطہ کے اندر سفر کرسکے۔ جس ملک میں صحت کی ہنگامی کیفیت پیدا ہوجائے تو اس ملک کی درخواست پر صحت خدمات انجام دینے کے لئے ویزا جاری کیا جاسکے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ہمارے خطہ میں ویکسین کی تیزی سے تیاری پر توجہ دینی ہوگی۔ اس سلسلہ میں ہم اس جذبہ اور تعاون عمل کو جاری رکھیں۔ ہمارے صحت شعبہ میں تعاون ضروری ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہاکہ 21 ویں صدی میں ایشیائی ممالک باہمی رابطہ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ہندوستان نے اب تک عالمی برادری کو کورونا وائرس ویکسن کے 229.7 لاکھ خوراک سربراہ کئے ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں