چین اور سعودی عرب پاکستان کو 13 ارب ڈالر کی امداد دیں گے

96

چین اورسعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کی مالی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔پاکستان کے مؤقرانگریزی روزنامہ ڈان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے خبردی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ بیجنگ کے بعد، چین نے 4 ارب ڈالر کے خودمختارقرضوں میں تجدید، تجارتی بینکوں کے قرضوں میں مزید 3.3 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ اور کرنسی کے تبادلے کی سہولت میں 1.45 ارب ڈالر تک اضافہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار نے صحافیوں کو بتایا کہ سعودی عرب نے بھی پاکستان کی جانب سے اضافی 3 ارب ڈالر کی فنڈنگ اورتیل کی مؤخر ادائی کو دگنا کرکے 1.2 ارب ڈالر کرنے کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی معیشت دیگرعوامل کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔حالیہ سیلاب سے قومی معیشت پر اور بوجھ پڑا ہے۔

ملک غیرملکی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اور انھیں لوٹانے یا ان پر سودی رقم کی واپسی کے لیے بھی حکومت کو مزیدرقوم قرض لینا پڑرہی ہے۔اس کی وجہ سے موڈیز انویسٹرز سروس نے حال ہی میں اس کی کریڈٹ ریٹنگ کو کم کردیا ہے۔