Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

چینی سائنسدانوں نے کورونا مخالف ’مؤثر‘ اینٹی باڈیز ڈھونڈ لیں

IMG_20190630_195052.JPG

چینی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایسی متعدد اینٹی باڈیز ڈھونڈ لی ہیں جو کورونا وائرس کو خلیوں میں داخل ہونے سے روکنے میں مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے کووڈ 19 کے علاج اور بچاؤ میں خاصی مدد مل سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بیجنگ میں سنگوا یونیورسٹی میں سائنسدان ژینگ لنکی نے کہا ہے کہ ان اینٹی باڈیز کی مدد سے بنائی جانی والی دوا کو موجودہ طریقوں کی نسبت مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔ موجود طریقوں میں پلازما کے ذریعے کیے جانے والا علاج شامل ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پلازما میں اینٹی باڈیز تو موجود ہوتی ہیں لیکن آپ کو یہ اپنے خون کے گروپ کے حساب سے لگایا جاتا ہے۔

جنوری کے اوائل میں ژینگ کی ٹیم اور شینجن تھرڈ پیپلز ہسپتال میں سائنسدانوں کی ایک اور ٹیم نے کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کا خون لے کر اس پر تحقیق شروع کی اور 206 مونوکلونل اینٹی باڈیز علیحدہ کیں جن میں وائرس کے پروٹینز کے ساتھ چپکنے کی طاقت بہت زیادہ تھی۔

انھوں نے روئٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس کے بعد انھوں نے متعدد ٹیسٹ کیے جن کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ کیا یہ اینٹی باڈیز اس وائرس کو خلیوں میں گھسنے سے روک پائیں گی۔

ژینگ نے بتایا کہ ’پہلی 20 کے قریب اینٹی باڈیز میں سے چار اس وائرس کو روکنے میں کامیاب ہوئے اور دو نے ایسا ’انتہائی مؤثر‘ انداز میں کیا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اینٹی باڈیز کو اس سے قبل بھی طبی بنیادوں پر استعمال کیا جا چکا ہے۔ انھیں کینسر، آٹو امیون بیماریوں اور متعدی امراض کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔

بشکریہ بی بی سی اُردو