چھوٹے جھٹکوں کی وجہ سے ہندوستان بڑے زلزلوں سے محفوظ: ماہرین

نئی دہلی: زلزلوں کے چھوٹے جھٹکوں سے دباؤ گھٹنے میں مدد مل رہی ہے اور ہندوستان بڑی تباہی سے محفوظ ہے۔ ماہرین نے یہ بات کہی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے معاملہ میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان بڑے پیمانہ پر زلزلوں کی تباہی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، کیوں کہ اس کے پاس نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)کی شکل میں بہترین تربیت یافتہ اور آلات سے لیس فورس موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانہ پر آنے والے زلزلے کا اثر گھٹایا جاسکتا ہے بشرطیکہ عوام اور ادارے بائی لاز اور کوڈس پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔ وزارتِ ارتھ سائنسس میں نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کے ڈائرکٹر اوپی مشرا نے کہا کہ ہندوستان کی مغربی سمت پاکستان سے متصل سرحد پر زلزلے کے معمولی جھٹکوں کی وجہ سے مسلسل دباؤ گھٹ رہا ہے۔

4 اور 5 شدت کے چند زلزلے آچکے ہیں۔ اس علاقہ کو ٹریپل جنکشن کہا جاتا ہے، جہاں 3 ٹکٹانک پلیٹس ملتی ہیں۔ پلیٹس کی نقل و حرکت سے دباؤ پیدا ہوتا ہے، جو آخر کار زلزلے کی شکل میں باہر آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترکیہ میں 2 ٹریپل جنکشن ہیں۔ ایک میں عربین پلیٹ، آفریقن پلیٹ اور اناطولین پلیٹس ملتی ہیں۔